ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ریاستی خبریں / جمعیۃعلماء مہاراشٹر کی مجلس عاملہ کی میٹنگ ؛ صوبائی سطح پر ممبر سازی کالیا گیا جائزہ؛ 2لاکھ ممبران بنانے کا نشانہ

جمعیۃعلماء مہاراشٹر کی مجلس عاملہ کی میٹنگ ؛ صوبائی سطح پر ممبر سازی کالیا گیا جائزہ؛ 2لاکھ ممبران بنانے کا نشانہ

Mon, 22 Oct 2018 16:59:48  SO Admin   S.O. News Service

ممبئی ۲۲؍ اکتوبر(پریس ریلیز/ایس او نیوز) جمعیۃعلماء ہند کے نئے ٹرم کی ممبر سازی پورے ملک میں جوش و خروش سے جاری ہے، اور اس کے لئے ماہ اکتوبر کے اختتام کو آخری حد مقرر کیا گیا ہے،جمعیۃعلماء مہاراشٹر کے کارکنان بھی پوری دلجمعی کے ساتھ ممبر سازی مہم میں لگے ہوئے ہیں ۔ اس تعلق سے آج جمعیۃعلماء مہاراشٹر کے دفتر واقع امام باڑہ کمپاؤنڈ میں مجلس عاملہ کی میٹنگ مولانا مستقیم احسن اعظمی (صدر جمعیۃ علماء مہاراشٹر ) کی صدارت میں منعقد ہوئی،جس میں پورے صوبے میں چل رہی ممبر سازی کا جائزہ لیا گیا اور اس سلسلے میں در پیش مسائل کے حل کے لئے منصوبہ بندی کی گئی ۔

جمعیۃعلماء مہاراشٹر کے دفتر سے جاری اخباری بیان میں جمعیۃعلماء مہاراشٹر کے جنرل سکریٹری مولانا حلیم اللہ قاسمی نے بتایا کہ پورے صوبہ میں نہایت گرم جوشی کے ساتھ کارکنان جمعیۃعلماء کی ممبر سازی میں منہمک ہیں ،اور 22لاکھ فارم رکنیت صوبہ کے مختلف علاقوں میں روانہ کئے گئے ہیں ،ممبر سازی میں انہماک اور لوگوں کی دلچسپی کے پیش نظر جمعیۃعلماء مہاراشٹر نے مرکزی قیادت سے ممبر سازی کے لئے مزید ایک ماہ کی توسیع کی درخواست کی ہے۔

بعض مقامات پر جمعیۃعلماء کے کارکنان کے درمیان غلط فہمیاں پیدا ہونے کی وجہ سے مجلس عاملہ نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے فوری طور پر اس کے تدارک کی تدابیر اختیار کیں ،جمعیۃعلماء ضلع اورنگ آباد کی مجلس عاملہ نے پچھلے دنوں اپنی ایک میٹنگ میں وہاں کے جنرل سکریٹری کو معطل کرنے کی کارروائی کی اور اس کو ایک مقامی اخبار میں شائع بھی کروایا ۔ مجلس عاملہ نے اس پر سخت نوٹس لیتے ہوئے یہ فیصلہ صادر کیا کہ یہ غیر دستوری عمل ہے اور ضلعی مجلس عاملہ کو یہ اختیارحاصل نہیں ہے ۔ریاستی مجلس عاملہ نے ضلع کی ورکنگ کمیٹی کی اس حرکت کی سخت لفظوں میں مذمت کرتے ہوئے ان کویہ بھی تاکید کی ہے کہ آئندہ اس طرح کی حرکت سے بالکلیہ گریز کریں ۔

مجلس عاملہ نے جمعیۃعلماء ہند کے دستور اساسی کی وضاحت کرتے ہوئے یہ اعلان جاری کیا ہے کہ ہر یونٹ کا جنرل سکریٹری ہی ممبر سازی کے عمل کا ذمہ دار ہوتا ہے اور صدر کی حیثیت نگراں اور سر پرست کی ہوتی ہے، اس بنا پر ساری یونٹیں اس کا خیال رکھیں ،اسی طرح مقامی،ضلعی یونٹوں کے انتخابات میں بھی افسر انتخاب کا مرتبہ بھی اسی کو حاصل ہے۔

میٹنگ میں کیرالا سیلاب متاثرین کی باز آباد کاری کے لئے جمعیۃعلماء مہاراشٹر کی مختلف یونٹوں کی طرف سے ریلیف کی رقم اکٹھا کرنے کی تفصیلات مفتی محمد یوسف قاسمی(خازن جمعیۃ علماء مہاراشٹر) نے پیش کی،جس پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔

آخر میں ماضی قریب میں وفات پانے والوں (مولانا حلیم اللہ قاسمی (جنرل سکریٹری جمعیۃعلماء مہاراشٹر) کی والدہ ماجدہ،مفتی محمد یوسف قاسمی(خازن جمعیۃعلماء مہاراشٹر) کی والدہ محترمہ ،مولانا معراج الحق قاسمی (آرگنائزر جمعیۃعلماء مہاراشٹر ) کے والد بزرگوار،مولانا عبد الوہاب قاسمی (صدر جمعیۃعلماء کوسہ ممبرا) کے والد محترم ،قاری محمد یونس چودھری (صدر جمعیۃعلماء شمال مغربی زون،ممبئی ) کے برادر خورد)کے لئے تعزیتی قرار داد منظور کی گئی ،اور مرحومین کیلئے ایصال ثواب کیا گیا۔ میٹنگ کا آغاز قاری محمد یونس چودھری (صدر جمعیۃعلماء شمال مغربی زون،ممبئی ) کی تلاوت کلام پاک سے ہوااور اختتام مفتی محمد اسماعیل قاسمی (صدر جمعیۃعلماء مالیگاؤں) کی دعا پر ہوا ۔

اس میٹنگ میں پورے صوبہ سے اراکین و مدعوئین خصوصی نے شرکت کی ،جن میں مولانا مستقیم احسن اعظمی (ممبئی)گلزار احمد اعظمی(ممبئی)مولانا حلیم اللہ قاسمی (بھیونڈی)مفتی محمد یوسف قاسمی (کھار ،ممبئی)مولانا اشتیاق احمد قاسمی (کاجو پاڑہ ،کرلا ،ممبئی)قاری محمد یونس چودھری (مالونی،ممبئی)حافظ محمد عارف انصاری(تھانے)مولانا محمد عارف عمری (وسئی ،پالگھر)مولانا عبد الصمد قاسمی (نالاسوپارہ،پالگھر)مفتی محمد اسماعیل قاسمی(مالیگاؤں)حافظ مسعود احمد حسامی(ناگپور)مولانامحمد ذاکر صدیقی (بیڑ) مولانا عبد القیوم قاسمی(مالیگاؤں)مشتاق احمد صوفی(دھولیہ)قاری محمدادریس انصاری (پونے)مفتی محمد محسن قاسمی(اورنگ آباد)مولانا عبد العظیم ندوی (آکولہ)اور مدعوئین میں مفتی حفیظ اللہ قاسمی (بھیونڈی)حاجی محمد مکی سیٹھ(مالیگاؤں) مولانا محمد زبیر قاسمی
(پوئی ،ممبئی)حاجی محمد صغیر خان (امبر ناتھ ،تھانے) حاجی محمد قریش(نیرول ،نوی ممبئی ) وغیرہ قابل ذکر ہیں ۔


Share: